اطلاعات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو روز سے کرم ایجنسی کی حدود سے شروع ہونے والی سرحدی جھڑپیں اب پھیل رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت بھی دونوں ملکوں کی سرحدی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان رجیم کے اہلکاروں کی طرف سے محدود پیمانے پر کام آنے والے چھوٹے میزائلوں کے علاوہ ڈرون طیاروں کا استعمال بھی کیا گیا ہے جن کے متعلق ماہرین کا خیال ہے کہ وہ بھارتی ساختہ ہو سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان جھڑپوںکا آغاز افغان اہلکاروں کی طرف سے بلااشتعال کی جانے والی فائرنگ سے ہوا تھا۔ حملوں اور فائرنگ کی آڑ میں فتنۂ خوارج کا ایک دستہ دراندازی کرنا چاہتا تھا لیکن پاک فوج کے مستعد اہلکاروں نے اس شر انگیزی کو بھانپتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے جواب کے نتیجے میں نہ صرف فتنۂ خوارج کی ایک مکمل تشکیل نشانہ بن گئی بلکہ افغانستان کی چھبیس پوسٹوں، نگرانی کے سات مراکز اور چھ بنکروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ اب تک چالیس سے زائد افغان اہلکار مارے جا چکے ہیں جبکہ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ مختلف ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے بھی افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے اور سرحد پار ہونے والے شدید دھماکوں کی آوازیں اندرونِ ملک بھی سنی گئی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی اور حملے کے ردعمل میں افغانستان کے شر پسند عناصر کے خلاف کوئی بڑی کارروائی ہو سکتی ہے۔
دو برادر مسلم ممالک کے درمیان جنگ ہرگز خوش آئند نہیں۔ پاک، افغان طویل سرحد کے دونوں اطراف مسلمان آباد ہیں اور دونوں دین و مذہب کے علاوہ قبائل، رسوم ورواج اور مشترکہ ثقافت اور علاقائی تجارت جیسے متعدد روابط میں جڑے ہوئے ہیں لیکن تعصب، بالاتری کی خواہش، نسلی عناد اور توسیع پسندانہ عزائم کا کیا حل تلاش کیا جائے جس کی وجہ سے دونوں اطراف کے لوگ امن سے رہ سکیں؟ مسئلہ یہ ہے کہ افغان عبوری حکومت نے بھارت اور اسرائیل کے مفادات کو اپنے مالی وسائل کی فراہمی کے لیے ناگزیر خیال کر لیا ہے اور اسی وجہ سے افغانستان امریکا سے بھاری امداد وصول کرنے کے باوجود اس وقت بھارتی ایجنڈے اور اکھنڈ بھارت کے خواب کے عین مطابق پاکستان کے ساتھ نبرد آزما ہونے کے لیے بے تاب دکھائی دیتا ہے۔ عالمی اداروں، علاقائی ممالک اور پاکستان کو حاصل معلومات کے مطابق اس وقت افغانستان دہشت گرد تنظیموں کا گڑھ بن چکا ہے۔ یونیورسٹیوں میں خودکش حملہ آوروں کی بھرتیاں جاری ہیں۔ افغان نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیموں کے سپرد کیا جا رہا ہے۔ یہ انتشار پسند، دہشت گرد گروہ نوجوانوں کو ایک بے قصد، لاحاصل، بے نتیجہ اور نامعقول جنگ کی آگ کا ایندھن بناکر خود مادی وسائل حاصل کر رہے ہیں۔
پاکستان واضح کر چکا ہے کہ وہ کسی دہشت گردی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی ختم نہ کی تو انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی پشت پناہی کے بھیانک نتائج صرف افغان طالبان ہی نہیں بلکہ ان کے ہمدردوں، وظیفہ خوروں اور ان کی ایما پر ملک میں انتشار پھیلانے والے گروہوں کو بھی بھگتنا ہوں گے۔ پاکستانی قیادت نے دوٹوک انداز میں یہ بات واضح کر دی ہے کہ ریاست شہری سلامتی پر کسی دباؤ یا سمجھوتے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ بظاہر پاکستان کا یہ موقف چین اور روس جیسی علاقائی طاقتیں جوکہ بوجوہ افغانستان کے ساتھ اپنے مراسم کو بہتر رکھنا چاہتی ہیں، سمجھ چکی ہیں۔ روس میں منعقد ہونے والے ماسکو فارمیٹ کے اجلاس میں بھی پاکستان کا موقف واضح تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہو سکا کیوں کہ افغان طالبان منافقت سے کام لیتے ہوئے ایک طرف پاکستان سے اپنے مطالبات منظور کروانے کے چکر میں تھے تو دوسری جانب وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کسی ضروری اور ناگزیر اقدام کے حق میں بھی دکھائی نہیں دیے۔ روس جو کہ علاقائی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کی کوشش میں ہے، پاک، افغان تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے اور غالباً اسی سلسلے میں اعلیٰ روسی حکام نے پاکستان اور افغانستان کا دورہ بھی کیا ہے تاہم افغان طالبان اپنے انتہاپسند نظریات، عاقبت نااندیشی، وطنی تعصب اور سیاسی عدم تدبر کی وجہ سے معاملات کو مزید بگاڑ کر پاکستان کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں جس میں انہیں ناکامی کا منہ ہی دیکھنا ہوگا۔ طالبان قیادت نہ جانے کس خوش فہمی کا شکار ہوکر پاکستان کے ساتھ جنگ ہی کو اپنے ملک کے لیے اہم خیال کر رہی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا جا رہا تھا کہ افغان حکام سرحدی علاقوں میں اپنی افواج کو جمع کر رہے ہیں۔ سرحدوں سے عام آبادی کو نقل مکانی کا کہا جا رہا ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ افغان طالبان پاکستان پر بڑے حملے کی تیاری میں ہیں۔ اس لیے قیاس تو یہی کیا جا سکتاہے کہ افغان طالبان نے حالیہ جھڑپوں کا سلسلہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ شروع کیا ہے تاہم پاکستان کی افواج نے ان کو کافی اچھا سبق سکھایا ہے۔ عسکری ماہرین کے مطابق افغان طالبان کی حکمتِ عملی کا مقصد پاکستان کو سرحدوں پر الجھانے، محاذ کو پھیلانے اور پاک افواج کو متعدد محاذوں پر مشغول رکھنے کی معلوم ہوتی ہے لیکن بظاہر یہ کوشش کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہی کیوںکہ پاکستان نے برق رفتار حملوں، درست نشانوں اور دہشت گردوں کی کمک اور خوار ج کے ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بناکر ان کی حکمتِ عملی کی بنیادیں مسمار کر دی ہیں۔ جتھوں کی دراندازی ماضی کی مانند اب آسان نہیں رہے گی کیوں کہ خیبر پختون خوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اب محکموں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے حامیوں کے لیے سہولت کاری مشکل ہو چکی ہے۔
یہ سوال اہمیت کا حامل ہے کہ اگر افغانستان کی عبوری قیادت پاکستان کی سرحدوں پر حملوں کے اس سلسلے کو طویل دورانیے پر پھیلانے کی کوشش کرتی ہے تو اس کے کیا نتائج ہوں گے؟ کیوں کہ بھارت کی جانب سے طالبان کی مالی امداد اور اسرائیل کی طر ف سے تیکنیکی تعاون اور وسائل کی فراہمی اس جنگ کو واقعی پھیلا سکتی ہے۔ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کو اس امر کا اچھی طرح اندازہ ہے کہ افغان طالبان کیا کیا شرارت کر سکتے ہیں، حالیہ عرصے میں جدید میزائلوں کے مسلسل تجربات، جدید ترین آرٹلری مشینوں اور ڈرون ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیش رفت پاکستان کے ممکنہ جوابات کی جانب اشارے ہیں۔ اگر پاکستان سعودی عر ب کے ساتھ مل کر ایرانی اور اسرائیلی حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تو وہ بھارتی اشاروں اور اسرائیلی تعاون سے خود پر حملہ آور افغانی دہشت گردوں کا مقابلہ بھی کر ہی لے گا۔ البتہ افغان طالبان کو اس عاقبت نااندیشی کے نتیجے میں انہی حالات کا سامنا کرنا ہوگا جس سے اس وقت ان کے نظریاتی اتحادی یعنی حوثی باغی دوچار ہیں۔



