ملتان میں کمسن یتیم ملازم وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزم ٹھیکیدار توقیر نذیر بہاولپور کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
توقیر نذیر کی جانب سے کمسن یتیم ملازم کو گاڑی تلے کچلنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے بعد متاثرہ بچے کو انصاف ملنے کی امید پیدا ہوئی تھی۔
تاہم مرکزی ملزم کی ہلاکت کے بعد اس مقدمے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا اس معاملے کو عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا؟ قانونی اصولوں کے مطابق کسی بھی ملزم کے جرم کا حتمی فیصلہ عدالت کرتی ہے، جہاں شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت ہوتی ہے اور جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی جاتی ہے۔
ایسے میں یہ سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ اگر ملزم گرفتار تھا تو مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عدالتی کارروائی کیوں نہ ہونے دی گئی؟ اب جبکہ مرکزی ملزم ہلاک ہوچکا ہے، وسیم عباس کے اہل خانہ کو انصاف کیسے ملے گا؟ کیا اس واقعے کے تمام حقائق عوام کے سامنے آسکیں گے یا ملزم کی ہلاکت کے ساتھ ہی انصاف کی امیدیں بھی دم توڑ جائیں گی؟



