عدالت میں وکلا کی بچے کو گاڑی تلے کچلنے والے ملزم پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش

webdesk

October 20, 2026

ملتان میں رائل آرچرڈ میں گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزم توقیر عباس

ملتان: عدالت میں وکلا نے 15 رائل آرچرڈ میں  15 سالہ بچے کو گاڑی تلے کچلنے والے ملزم پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی۔

ملتان میں رائل آرچرڈ میں گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزم توقیر عباس کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی ٹیم نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، جس پر عدالت نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر موجود وکلا نے ملزم توقیر عباس کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تھپڑوں اورمکوں کی بارش کردی۔

پولیس کی بھاری نفری نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو وکلا سے بچایا اور وہاں سے لے گئی۔

یاد رہے پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم توقیر نذیر کے پاس 15 سالہ وسیم عباس الیکٹریکل کا کام سیکھ رہا تھا۔

ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ بچہ بنا بتائے کام چھوڑ کر جا رہا تھا جسے روکنے کے لیے اس نے گاڑی سے پیچھا کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھی امجد علی کے ساتھ مل کر پہلے بچے کا پیدل اور پھر گاڑی پر پیچھا کیا، تعاقب کے دوران تیز رفتار گاڑی بچے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں بچہ قریبی گھر کے گیٹ سے جا لگا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

یتیم خانے کے ایڈمنسٹریٹر جواد حیدر نے تصدیق کی کہ مظفر گڑھ کا رہائشی 15 سالہ وسیم پچھلے 6 سال سے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا اور اسے الیکٹریکل کا کام سیکھنے کے لیے توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔

متوفی کے کزن ندیم کے مطابق وسیم اکثر کام سیکھنے سے انکار کرتا تھا اور واپس اپنے گھر جانا چاہتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام حقائق اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے۔