فباٹی نے شرح سود 11.5 سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ ایسوسی ایشن کے صدر سید رضا حسین کے مطابق مہنگی فنانسنگ سے پیداواری لاگت بڑھے گی، نئی سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور پاکستانی برآمدات کے لیے عالمی منڈیوں میں مقابلہ مشکل ہوجائے گا۔
فباٹی کے صدر سید رضا حسین نے کہا ہے کہ شرح سود 11.5فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنا صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا، مہنگی فنانسنگ کے باعث صنعتوں اور کاروباری اداروں کی لاگت میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ صنعتی شعبہ پہلے ہی بلند پیداواری لاگت، مہنگائی، کساد بازاری اور مختلف معاشی دبا کا سامنا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں شرح سود میں اضافہ صنعتی شعبے کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا، بلند شرح سود کے باعث کاروباری اداروں کے لیے قرض کا حصول مہنگا ہونے سے نئی سرمایہ کاری، صنعتوں کے توسیعی مراحل اور پیداواری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔



