ریاستی نظام کی اسلامائزیشن کتنی آسان؟

جیند افتخار

July 11, 2024

Husband Wife

انورغازی

اجتماعی ریپ ہو یا اجتماعی خودکشی، قتل ہو یا دوسری شادی کا مسئلہ، بین الاقوامی تعلقات ہوں یا شدت پسندوں سے مذاکرات۔ ملک میں کوئی بھی سانحہ ہو جائے، اس کا ذمہ دار اسلام اور شریعت کو ٹھہرایا جاتا ہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ دراصل بات یہ ہے کہ عام لوگ شریعت کا مفہوم نہیں سمجھتے۔ انہیں بد قسمتی سے ایسے مہربان ملے ہیں، جو شریعت کی آسان تعبیر اور درست ترجمانی نہیں کر سکتے۔ آپ دو لفظوں میں پورے ریاستی نظام کی ”اسلامائزیشن“ کر سکتے ہیں۔ وہ دو لفظ ہیں: ”ایمان داری اور انصاف،“ اس پر عمل کرنے سے سب سے پہلے معاشرے کے دو اہم مسائل حل ہوتے ہیں: روزگار اور امن۔ ایمان داری سے ”رزق“ ملتا ہے اور انصاف سے ”امن“ قائم ہوتا ہے۔ یہ خدا کا آفاقی وعدہ اور تکوینی قانون ہے۔ جس علاقے کے عوام میں دیانت ہو گی، وہاں روزی و روزگار وافر ہوں گے۔ جہاں کے حکمران انصاف کریں گے، وہاں امن و امانعام ہو گا۔ اس میں مسلم و غیر مسلم کی تفریق نہیں۔ اس میں خدا کے تکوینی و غیر تکوینی قانون کا فرق ہے۔ یہ تشریعی و غیر تشریعی نظام کا لازمی نتیجہ ہے۔ غیر مسلم بھی شریعت کے اس حصے کو اپنائے گا تو ترقی یافتہ اور پْر امن ہو گا۔ مسلم بھی اگر بے ایمان اور بے انصاف ہوں گے تو پسماندہ اور بد حال ہوں گے۔ دوسری بات یہ ہے کہ عوام میں سے ہر شخص اپنا کام ایمان داری سے کرے اور حکومت کا ہر شعبہ عوام کو پورے خلوص کے ساتھ انصاف فراہم کرے۔

آپ عوام سے کہہ دیں کہ تمہارا غم ہمارا غم ہو گا۔ ہمارے پاس موجود وسائل میں تمہارا برابر حصہ ہو گا۔ تم کل سے ایمان داری کا عزم کر کے نیا دن شروع کرو۔ اسی طرح آپ سرکاری عملے سے کہہ دیں کہ کلرک اور کانسٹیبل کی تنخواہ پندرہ ہزار روپے ہے۔ کل سے جس نے رشوت لی، اسے اس کے دفتر کے سامنے چوک میں کھڑا کر دیا جائے گا کہ اللہ سے معافی مانگے اور اس کے بندوں کا پیسہ واپس کرے، ورنہ یہیں کھڑا دھوپ تاپتا رہے۔ بس اتنی سی تو بات ہے۔ عوام کی طرف سے معاملات کی درستی اور حکمرانوں کی طرف سے فرائض کی ادائیگی۔ دو جملوں میں بات سدھر سکتی ہے۔ مشکل یہ ہے ہم پر ایسا طبقہ مسلط ہو گیا ہے جو نہ شریعت چاہتا ہے اور نہ انسانیت کا قائل ہے۔ وہ نہ دیانت چاہتا ہے، نہ انصاف۔ وہ خود خواہشات کا غلام ہے، اسے مذہب اور وطن سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

شریعت کا خلاصہ نکالا جائے تو وہ تین عنوانات میں سمٹ جاتا ہے۔ 1: عبادات 2: معاملات 3: عقوبات۔ عبادات کا مطلب ہے انسان اللہ کا حق صحیح صحیح ادا کرے۔ معاملات کا مطلب ہے بندوں کا حق ٹھیک ٹھیک پورا کیا جائے۔ عقوبات کا مطلب ہے سزا، یعنی جو نکما شخص ان دو قسم کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کرے اور سمجھانے سے بھی نہ مانے تو اس کو آخری چارہ کار کے طور پر ناگزیر سزا دی جائے۔ عقوبات شریعت کا مقصود نہیں۔ ان کو تو کم از کم جاری کرنے اور زیادہ سے زیادہ ستر پوشی پر زور دیا گیا ہے۔ مقصد تو اللہ اور اس کے بندوں کا حق ادا کرنا ہے۔ یہی شریعت کا مقصدِ اصلی ہے۔ سزا تو درجہ ضرورت میں ہے۔ جب بات یونہی ہے تو پھر شرعی نظام کی علامت سزاوں کا نفاذ نہ ہونا چاہیے بلکہ اس کی علامت عبادات کے لیے دی گئی ترغیبات اور سہولتوں کی تشہیر ہونی چاہیے۔ عوام کے حقوق کی ادائیگی کا زور دار تذکرہ اور تذکرے سے زیادہ بھر پور عمل پونا چاہیے۔ جب عوام کے سامنے اسلام کا فلاحی پہلو آئے گا، انہیں اپنے مسائل حل ہوتے نظر آئیں گے، بد عنوانی اور نا انصافی کا خاتمہ ہو گا، ہر حق دار کو اس کا حق ملے گا تو وہ خود بخود اس نا مراد شخص کو سزا دینے کا مطالبہ کریں گے جو اس با برکت نظام کی خلاف ورزی کر کے ان کے لیی مسائل پیدا کر رہا ہے۔ ہمارے ہاں طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات جو بادشاہ یا بادشاہ گر ہیں، کے دلوں میں یہ بات بٹھا دی گئی ہے کہ اسلام کا تعارف ہاتھ پاوں کاٹنے اور کوڑے پتھر مارنے سے ہے۔

باقی رہی یہ بات کہ شرعی سزائیں کیوں نا گزیر ہیں؟ تو سنیں! دنیا میں پانچ گناہ ایسے ہیں جن کا نشہ کسی کو چڑھ جائے تو اس وقت تک نہیں اترتا جب تک اسے وو سخت سزا نہ دی جائے جو اسلام نے ان پانچوں گندے کاموں کے لیے مقرر کی ہے۔ انسانی تاریخ کا مطالعہ اور انسانی نفسیات کا تجزیہ یہی بتاتا ہے۔ ان سزاوں کے بغیر ان خطرناک جرائم کو معاشرے سے ختم ہی نہیں کیا جا سکتا۔ ان سزاوں کا کمال ہے ایک آدھ مرتبہ حد جاری ہوتے ہی ڈھیٹ سے ڈھیٹ مجرم بھی توبہ کر لیتا ہے اور ان سزاوں کی بار بار نوبت ہی نہیں آتی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ مغرب زدہ دنیا کو یہ باتیں ایسے انداز میں کون سمجھائے کہ وہ غلط فہمیوں کے بھنور سے نکل آئے۔ کوڑا تو حضرت عمرؓکا بھی بہت مشہور تھا، لیکن خود اہلِ مغرب عدلِ فاروقی پر انگشت نمائی کے بجائے ”خلافتِ فاروقی“ کے نظم کو ہم سے چھپا چھپا کر اپنانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اپنے ممالک کو حضرت عمرؓ کے فلاحی اصولوں پر چلا کر ”ویلفیئر اسٹیٹ“ بنایا ہوا ہے۔ ہمیں سیرتِ فاروقی کے اس پہلو کو اپنا کر اسلام کے اس فلاحی و ترقیاتی نظام کا بھر پور مظاہرہ کرنا چاہیے جس کے مطابق ریاستِ اسلامیہ کا سربراہ صرف یتیموں، بیواوں اور مظلوموں کا سرپرست ہی نہیں، غیر مسلم بھاری بوڑھے سے لے کر فرات کے کنارے بھوکے پیاسے بکری کے بچے کا بھی ذمہ دار ہوتا ہے۔ مسئلہ سزاوں کا نہیں، سہولتیں فراہم کرنے سے پہلے سزائیں دینے کا ہے۔ اعتراض سختی پر نہیں، سختی کے ایسے اظہار کا ہے جس میں سو قسم کی نرمیاں بلا وجہ چھپ جائیں۔ عمر کا کوڑا اگر نظمِ عامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پیٹھ پر برستا تھا تو ضرورت مندوں اور بیواوں کا سامان خادم کے موجود ہوتے ہوئے آپ خود اپنی پیٹھ پر لاد کر ان کے گھر تک پہنچاتے تھے۔ لوگ جب امیر المومنین بذاتِ خود ان کی خبر گیری کرتا ہے، ان کی کفالت کی اسے فکر رہتی ہے، وہ ان کو بھوکا دیکھ کر خود بھی پیٹ نہیں بھرتا تو وہ اس کی سختیاں بھول جاتے تھے۔ یہ اختیاں انہیں محبت بھری فہمائش لگتی تھی۔ نا گزیر محسوس ہوتی تھیں۔

آپ بھی ایسا کریں۔ لوگوں کو آپ کے کارنامے نظر آئیں گے، وہ آپ کے خلاف پروپیگنڈے کو بھول جائیں گے، مخالفین کی زبانیں روک دیں گے۔ آج کی دکھوں کی ماری دنیا میں بھی جس حکمران نے عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا، سکھوں کی ماری عوام نے اسے سر آنکھوں پر بٹھایا۔ اسے ہیرو کا مقام دیا۔ کیوبا کے ”فیڈل کاسترو“ سے لے کر سنگا پور کے ”لی کو آن یو“ تک کا آپ مطالعہ کریں۔ ”ماوزے تنگ“ سے شروع کریں اور ”مہاتیر محمد“ تک آ جائیں۔ فیڈل کاسترو اور ہوگوشاویز کے تو مغربی دنیا بھی مخالف تھی اور ہے، لیکن وہ ان دونوں کے عوام کو ان کی مخالفت کر سکے، نہ ان کے نظاموں پر ایس اعتراض کر سکتی تھی، جسے معقولیت کے ترازو میں تولا جا سکے۔

شریعت کی تعبیرِ نو حقوق اللہ و حقوق العباد کے قیام سے ہونی چاہیے۔ شریعت کا لفظ سن کر اللہ سے محبت اور بندوں کی خدمت کا تصور آنا چاہیے۔ مغرب کے پروپیگنڈے نے نہایت عیاوی سے شریعتِ مطہرہ کو بہت سخت اور اپنے انسانیت کش نظام کو بہت آسان بنا دیا ہے۔ اس خطرناک پروپیگنڈے سے توڑ کی ضرورت ہے۔ اسلام انسان کو جو کچھ دیتا ہے رزق، امن، خوشحالی، تمام انسانی حقوق۔ اس کو پہلے سامنے لایا جائے اور پھر اسلام بدرجہ مجبوری جو سزا انسان کو دیتا ہے، وہ ہماری ترجیحات کے بالکل آخر میں ہو۔ لیکن یہ بات دنیا کو سمجھانے سے پہلے یہ بتانا چاہیے اسلام نے انسان کو فلاح و خوشحالی کی جو صورت دی ہے، وہ دنیا کا کوئی نظام نہیں دے سکتا۔یاد رکھیں نفاذِ اسلام کی روح ایمانداری اور انصاف ہے۔