نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان میں ایران کے حملے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایک نجی اخباری ذرایع کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات میں تناؤ پیدا ہو گیا ہے اور اسی کے پیش نظر ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے جلیل عباس جیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔
ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو آج رات تہران سے روانہ ہوں گے اور اسلام آباد پہنچیں گے۔
ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان نے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا اور ایرانی سفیر کو پاکستان واپس نہ آنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔



