ای سی سی، 2 لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حکومتی سطح پر 2 لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حکومتی سطح پر 2 لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دیدی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں نے نظرثانی شدہ ریاستی ملکیتی انٹرپرائزز(ملکیت اور انتظام) پالیسی 2023 منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھجوانے کی سفارش کردی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں وزارت صحت کی262 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر کر دی گئی۔ وزارت صحت کو آئندہ ہفتے تک مکمل ورکنگ کیساتھ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزارت صحت کو کہا گیا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر صوبوں سے بھی مشاورت کی جائے اور قیمت میں اضافے کی ٹھوس تجاویز فراہم کی جائیں۔