Pakistan Airline

فضائی میزبان کینیڈا سلپ؛ پی آئی اے نے ’عمر کی حد‘ مقرر کردی

کراچی: پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈا اور یورپی ممالک جانے والے فضائی میزبانوں کی عمر کی حد مقرر کردی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں سلپ ہونے کے تناظر میں کینیڈا اور یورپی ممالک میں قومی ائیرلائن انتظامیہ نے50 سال سے زائد عمر کے فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی فلائٹ روسٹر میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

مذکورہ فیصلہ تواتر سے خواتین ائیرہوسٹس اور مرد اسٹیورڈزکے سلپ ہونے کے واقعات پر کیا گیا، 10 نومبر کو پاکستان سے کینیڈا جانے والے دو فلائٹ اسٹیورڈز خالد محمود آفریدی اور فداحسین شاہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں سلپ ہوئے۔

کینیڈا سے واپسی پردونوں فضائی میزبان اپنی پرواز پر نہیں پہنچے، مذکورہ پرواز دونوں افراد کو چھوڑ کر واپس آئی، فدا حسین شاہ کا پرسنل اسٹاف نمبر 61277 اور خالد محمود کا پرسنل اسٹاف نمبر 60744 ہے۔

پی آئی اے کے متعدد فضائی میزبان پہلے بھی بیرون ممالک پروازوں سے سلپ ہو چکے ہیں، سلپ ہونے والے فضائی میزبانوں میں خواتین ایئر ہوسٹس اور مرد کیبن کریو شامل ہیں۔

دونوں فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کے حوالے سے کینیڈا کی مقامی اتھارٹی سے رابطہ کیا گیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے پر دونوں فضائی میزبانوں کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جس میں ملازمت سے برطرفی کے علاوہ واجبات کی ضبطگی شامل ہے۔