Crude Oil

پٹرول کی قیمت میں اضافہ اورڈیزل کی قیمت میں کمی متوقع

ملک میں16 نومبر سے پٹرول کی قیمت میں 2 سے3روپے کا اضافہ اور ڈیز ل کی قیمت میں8 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔اس وقت پٹرول کی قیمت 283.38 اور ڈیزل کی قیمت 303.18 روپے فی لٹرہے۔

ذرائع نے بتایاکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 سے 6 روپے کمی کیے جانے کا امکان ہے ، اس وقت مٹی کے تیل کی قیمت 211.03 روپے فی لٹر ہے۔اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8روپے تک فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،اوراس وقت لائٹ ڈیز ل کی قیمت 189.46 فی لٹر ہے۔

خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھاجبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں3.82 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.40 پیسے کمی کی گئی تھی۔

اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں نمایاں کمی کے بعد پاکستانیوں کو بھی پٹرول کی قیمت میں ریلیف دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ 15 نومبر کو ارسال کرے گی،تاہم حکومت کی جانب سے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق وزیر اعظم کی منظوری سے وزارت خزانہ حتمی نوٹیفکیشن 15 نومبررات 12 بجے سے پہلے جاری کرے گی اور ان قیمتوں کا اطلاق آئندہ پندرہ روز کیلئے ہوگا۔