قیدیوں نے جیل میں ڈسکو،چڑیا گھر،سوئمنگ پول اور جوا خانہ کھول لیا

کراکس: وینزویلا میں سیکیورٹی فورسز نے خطرناک گینگسٹرز کے قبضے سے ایک ایسی جیل خالی کرانے میں کامیاب ہوگئے جسے قیدیوں نے آسائشوں سے آراستہ لگژری ہوٹل بنا لیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کی ایک جیل کا قبضہ واگزار کروانے کے لیے 11 ہزار اہلکاروں کو آپریشن کرنا پڑا کیوں کہ اس آپریشن میں سیکیورٹی اہلکاروں کو انتہائی خطرناک اور بین الااقوامی نیٹ ورک کے حامل گینگسٹرز کا سامنا تھا۔

اس جیل میں گینگسٹرز نے ڈسکو اور جوا خانے کے ساتھ ساتھ سوئمنگ پول، چڑیا گھر اور دیگر سہولیات کھول رکھی تھیں۔ یہ جیل سونے کے اسمگلر ’’ٹرین دی آگورا‘‘ کے گینگ کا ہیڈکوارٹر کے طور پر بھی استعمال ہوتی تھی۔

اس جیل میں مخالف گینگز کے قیدیوں سمیت سیکیورٹی اہلکاروں اور غیرملکی مغویوں کو بھی تاوان کی نیت سے رکھا جاتا تھا جب کہ گینگ سربراہان کو یہاں فائیو اسٹار ہوٹل کی سہولیات حاصل تھیں۔

یہ سرکاری جیل تھی جس میں قید خطرناک گینگسٹرز نے اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد قبضہ کرلیا تھا اور وہاں اپنا سسٹم چلانا شروع کردیا تھا۔

’’ٹرین ڈی آراگوا‘ وینزویلا کا سب سے طاقتور گینگ ہے جو نہ صرف ملک بھر میں بلکہ پڑوسی ممالک میں بھی جرائم کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں اس گینگ کے ارکان کی تعداد 5 ہزار کے لگ بھگ ہے۔