مہنگا پیٹرول؛ راولپنڈی کے تاجروں کا روزگار بچاؤ تحریک چلانے کا اعلان

راولپنڈی: راولپنڈی کے تاجروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر روزگار بچاؤ تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

مہنگائی پر راولپنڈی آل پاکستان ریسٹورنٹ ایکشن کمیٹی کا شدید ردعمل سامنے آگیا تاجروں نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف اب تحریک چلائی جائے گی۔

راولپنڈی کے تاجروں کے صدر چوہدری فاروق نے کہا ہے کہ اب صرف احتجاج نہیں ہوگا بلکہ احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس سے مہنگائی کنٹرول کرنی پڑے گی، آج سے ہم روزگار بچاؤ تحریک کا اعلان کرتے ہیں۔

تاجر رہنما چوہدری فاروق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج کے اضافے کے بعد کاروبار کرنا ناممکن ہوگیا، پٹرول کی قیمت میں 26 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے کے اضافے کا مطلب عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کا اعلان ہے، پرانے حکمران، نئے حکمران، نگران حکمران، شریف اور زرداری سب عوام دشمن حکمران ہیں، ان حکمرانوں کی غلط پالیسوں کی وجہ سے آج عوام سے روٹی کے دو نوالے چھن گئے ہیں۔

صدر ایکشن کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے تاجر اور عوام ڈیفالٹ کر گئے ہیں، پٹرول کی قیمت میں آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، روزگار بچاؤ تحریک میں ملک بھر کی تاجر برادری اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی جاتی ہے، ملک بھر میں فوڈ کے تاجر سب سے زیادہ روزگار مہیا کرتے ہیں، اور آج ہمارا تاجر ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بے روزگار ہو رہا ہے۔