پی آئی اے بینکوں سے 17 ارب کا قرض لینے میں کامیاب

کراچی / اسلام آباد / لاہور: پی آئی اے بینکوں سے 17 ارب کا قرض لینے میں کامیاب ہو گیا۔

پی آئی اے بینکوں سے قرض لینے میں کامیاب، 17ارب روپے کی ادائیگی کے بعد انتظامی اموردوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئے، افسران وملازمین کی رواں ماہ کی تنخواہیں جاری کردی گئیں، لیزجہازوں کی ادائیگیاں بھی شروع ہوگئیں،واجبات ادائیگی کے بعد فضائی بیڑے میں شامل 7جہازاڑان بھرنے کے لیے تیارہیں،طیارے گرائونڈ ہونے کے سبب قومی ائیرلائن کو یومیہ 40کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ رقم کے ذریعے ایندھن فراہم کرنیوالی کمپنیز،ایف بی آرکو بھی ادائیگیاں کی جائینگی،رقم کے ذریعے فوری مرمت والے جہازوں کے فاضل پرزہ جات بھی خریدے جائینگے،لیزنگ کمپنیزکو واجبات ادا ہونے کے بعد پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل مختلف ساخت کے 7 جہازواپس اڑان کے لیے تیارہوگئے،مالی مشکلات کے سبب مجموعی طورپر15طیارے عارضی طورپرگراونڈ رہے۔

قبل ازیں طیاروں کی کمی کی وجہ سے اندرون ملک فلائٹ آپریشن متاثررہا،جس کے نتیجے میں کراچی سے رحیم یارخان جانیوالی دو طرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پی کے368تاخیر کا شکاررہی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہناہے کہ پی آئی اے کی بندش کی 15 ستمبر کی تاریخ دینے سے پی آئی اے کی ساکھ بہت مجروح ہوئی۔

ادھر نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر پی آئی اے اثاثوں کی نجکاری کا عمل شروع، امریکا میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کیلئے اقدامات تیز، نجکاری کمیشن نے روز ویلٹ ہوٹل کی نیلامی سے متعلق فنانشل ایڈوائز کے تقرر کے لیے دلچسپی رکھنے والی فرموں سے 9اکتوبر تک پیشکشیں طلب کرلیں۔