Park Army

بنوں میں فوجی قافلے پر خود کش حملہ، نائب صوبیدار سمیت 9 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فوجی قافلے پر خود کش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں موٹر سائیکل سوار نے فوجی قافلے کے نزدیک خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوگئے.

آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار صنوبر علی بھی شامل ہیں جبکہ حملے کے نتیجے میں 5 جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسزنےعلاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئےپرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔