سائفر گمشدگی کیس، ایف آئی اے کی جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے سائفر گمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سےجیل میں تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز کی سربراہی میں ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی ۔ ملزم سے سائفر کے غیرقانونی استعمال اور گمشدگی سے متعلق ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی گئی ۔

خیال رہے کہ سائفر گمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمہ نمبر 6 / 2023 ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں پندرہ اگست کو سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نامزد کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق دونوں افراد نے خفیہ سرکاری دستاویز کی معلومات افشاء کی کیں، اوراپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے حقائق کو مسخ کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں ایک جلسے کے دوران اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اپنی جیب سے خط نکال کر دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ان کی بیرونی پالیسی کے سبب ’غیر ملکی سازش‘ کا نتیجہ تھی اور انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے بیرون ملک سے فنڈز بھیجے گئے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے مبینہ طور پر امریکی دھمکی آمیز سفارتی خط کی نقل کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

اس وقت کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ نے معاملہ سنگین قرار دے کر تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی بنائی تھی۔ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کے نمائندے اور وزراء بھی شامل تھے۔ کمیٹی عمران خان، اعظم خان اور سابق وزراء کیخلاف کارروائی کا تعین کرے گی۔