ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو جج کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ہمایوں دلاور نے برطانیہ میں ٹریننگ سے واپسی پر چیف جسٹس ہائی کورٹ کو مراسلہ لکھا جس میں خود کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے مراسلے میں خدشہ ظاہر کیا کہ مظاہرین کی جانب سے ان کی کورٹ میں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے جبکہ برطانیہ میں دوران ٹریننگ بھی احتجاج اور تھریٹس کا سامنا رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ جج ہمایوں دلاور 16 اگست کو پاکستان واپس پہنچے اور 17 اگست کو انہوں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مراسلہ لکھا تھا اور مراسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مراسلے میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرانسفر کی درخواست کی گئی تھی اور اسی درخواست کی بنیاد پر ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ جوڈیشل افسر کی زندگی کو درپیش خطرات کے باعث ہائی کورٹ نے جج کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا۔