Court Hammar

جناح ہاؤس توڑ پھوڑ کیس، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی

لاہور: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات اور ان کی گرفتاری کی اجازت دے دی، عدالتی اجازت کے بعد تفتیشی ٹیم پوچھ گچھ کے لیے اٹک جیل روانہ کی جائے گی۔

انویسٹی گیشن پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات اور ان کی گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی ہےا ور وہ اٹک چیل میں قید ہیں، ان سے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں تحقیقات اور ان کی گرفتاری درکار ہے جس کی اجازت دی جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف سے تحقیقات اور گرفتاری کی اجازت دے دی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی اجازت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات کے لیے تفتیشی ٹیم اٹک جیل روانہ کی جائے گی، پوچھ گچھ کے بعد تفتیشی ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو شامل تفتیش کریں گے لیکن گرفتاری التوا میں رکھی جائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جناح ہائوس کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے لیے پولیس جیل حکام کو تحریری طور پر مطلع کرے گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔