انتہا پسندی اور عدم برداشت سے ہر قیمت پر لڑیں گے، نگراں وزیرِ اعظم

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت سے ہر قیمت پر لڑیں گے، کبھی سرینڈر نہیں کریں گے، کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ہم تھکاوٹ کا شکار ہوجائیں گے، یہ ہمارا گھر ہے ، ہم اسے اپنے انداز میں چلائیں گے۔

کراچی میں معروف کاروباری شخصیات سے خطاب کے دوران نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نےدہشت گردوں کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگیں آرمی چیف یا وزیراعظم نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں، شہادتیں دینے والے پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان ہمارے بیٹے ہیں، ان کی خدمات کا صلہ تنخواہ نہیں ، عزت و تکریم ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کل ایک اور المیہ ہوا، ہمارے 10 جوان شہید ہوئے، ہم خودکش حملہ آور سے نہیں ڈرتے، ان گمراہوں کے خلاف ان شاء اللّٰہ لڑتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد غلط سمجھ رہے ہیں ان کا واسطہ کس سے پڑا ہے، یہ گمراہ تھے، یہ گمراہ ہیں، معصوم جانیں لینا کسی طور جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم شہداء کو نہیں بھولیں گے، ہم شہادت دینے سے گریز نہیں کریں گے، ہم کسی خیرات پر لڑائی نہیں لڑ رہے، ہمارے مجاہدوں کی جو گولیاں چل رہی ہیں وہ آپ کا پیسہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس غلط فہمی کو درست کرلیں کہ وہ تنخواہ کے بدلے خدمات دے رہے ہیں، احترام ان کی تنخواہ ہے، تنخواہ ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہے، قوم احترام کی تنخواہ دے رہی ہے، تکریم کی تنخواہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بٹگرام میں مقامی لوگوں، ضلعی انتظامیہ اور فوج نے مل کر مشترکہ کوششیں کیں، چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کو بچانے کے واقعے کی خوشی منائیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں نے اپنے حواس پر قابو رکھا، بچوں کو بچانے کے لیے اس بحث میں نہیں پڑ سکتے تھے کہ کس کا اختیار ہے، بچوں کو بچانا پہلی ترجیح تھی۔