پاکستان آرمی نے فضائی آپریشن روک دیا، متبادل طریقوں سے ریسکیو آپریشن جاری

بٹگرام: بٹگرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، سکول جانیوالے اساتذہ اور بچے کئی گھنٹے سے لفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے پاکستان آرمی نے فضائی آپریشن روک دیا، متبادل طریقوں سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سلنگ آپریشن کے ذریعے 2 بچوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، باقی پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے متبادل طریقوں سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن اندھیرے اور موسم کے باعث منقطع کیا گیا ہے، اب ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا جا رہا ہے جس سے ایک ایک کرکے تمام افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے سکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ بلندی پر پھنس گئی۔

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گلفراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہو گئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور ہسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا کہنا ہےکہ ہم نے چیئرلفٹ ماہرکو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔