ڈاکٹرسیمیں جمالی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

جناح اسپتال کراچی کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شعبہ صحت میں آئرن لیڈی کے نام سے پہچانی جانے والی ڈاکٹر سیمیں جمالی ہفتہ کی شب کراچی میں فانی دنیا سے رخصت ہوگئیں،انکی نماز جنازہ جناح اسپتال کی مرکزی مسجد میں ادا کی گئی۔

ڈاکٹر سیمیں جمالی کی نماز جنازہ میں صوبائی وزیر محنت سعید غنی، ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب اور سینیٹر وقار مہدی سمیت سیاسی، سماجی اور شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد ڈاکٹر سیمیں جمالی کا جسد خاکی ڈیفنس فیز ایٹ کے قبرستان پہنچایا گیا ،جہاں سوگواروں کی موجودگی میں مرحومہ کو سپرد خاک کردیاگیا۔

دوسری جانب جناح اسپتال کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شعبہ حادثات کے نئے ڈپارٹمنٹ کا نام ڈاکٹر سیمیں جمالی کے نام سے منسوب کیا جائے۔