ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر برگر فروش جاں بحق

کراچی: منظور کالونی میں موٹرسائیکل سوار 4 ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی واردات کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر برگر فروش شہری جاں بحق ہوگیا، مقتول 3 بچوں کا باپ تھا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی غزالی روڈ خضرا مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ عدیل احمد ولد شکیل احمد کے نام سے کی گئی، مقتول منظور کالونی سیکٹر 11 جونیجو ٹاؤن مکان نمبر 707/A کا رہائشی تھا۔

مقتول کے کزن عمران نے ایک نجی اخباری ذرایع سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول عدیل احمد کے والد کا کافی عرصہ قبل انتقال ہوگیا تھا، مقتول 10 سال قبل حیدرآباد سے کراچی شفٹ ہوا اور اپنے رشتے دار کے ساتھ برگر کے ٹھیلے پر کام کرتا تھا۔ مقتول نے 5 سال قبل محبت کی شادی کی تھی جس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ عدیل نے گزشتہ ہفتے سے برگر کا اپنا کام شروع کیا تھا وہ گھر کا واحد کفیل تھا۔