Lahore High Court

فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم

لاہور: ہائی کورٹ نے این اے 108 فیصل آباد اور این اے 118 ننکانہ صاحب میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواستوں پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ فرخ حبیب اور اعجاز شاہ نے اظہر صدیق ایڈوکیٹ کے ذریعے ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔

جسٹس شاہد کریم نے فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ دونوں حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی الیکشن منعقد کیے جانے تھے۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ قومی اسمبلی کی مدت 90 روز سے کم رہ چکی ہے اس لیے قانونی طور پر ضمنی الیکشن ان حلقوں میں نہیں ہوسکتے۔ الیکشن کمیشن ایک طرف کہتا ہے کہ پنجاب میں الیکشن نہیں کروا سکتے اور دوسری طرف دونوں حلقوں کے لیے فنڈز جاری کرکے ضمنی الیکشن ہونے جا رہا ہے۔