کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو ایک بار پھر جیکب آباد جیل منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ علی زیدی کو فوری جیکب آباد جیل منتقل کیا جائے گا، دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء فردوس شمیم نقوی کو ایم پی او کے تحت سکھر جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے جس کا محکمہ داخلہ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے رنما علی زیدی کی ڈیفنس کراچی میں موجود رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر انہیں وہاں منقتل کردیا تھا اور انکی رہائش گاہ کے بار پولیس کی نفری بھی تعینات کردی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف شروع ہونیوالے کریک ڈاون میں سندھ پولیس نے سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو کالا پل سی ایس ڈی کے قریب سے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا بعد ازاں انہیں جیک آباد جیل میں رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
علی زیدی کی گرفتاری سے متعلق موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں پولیس کی حراست میں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

