پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کیا۔
تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان پشاور میں شامی روڈ پر واقع دفتر کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے ، سامان باہر پھینک دیا اور شیشے توڑ دیے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کا تمام ریکارڈ پھاڑ دیا، دفتر میں کھڑی 7 گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے،جبکہ دو موٹر سائیکلیں بھی جلا دیں۔
کارکنان نے دفتر کے تمام کمپیوٹرز ، کانفرس روم میں لگی بڑی اسکرین کے ٹکرے کردیے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پشاور میں ہنگامہ آرائی کے خدشات کے باعث کاروباری مراکز جزوی طور پر بند ہیں۔ خیبر بازار، مین جی ٹی روڈ، اشرف روڈ پر دکانیں بند ہیں اور شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی کم ہے۔
مسافر گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر میں بی آر ٹی سروس آج بھی معطل ہے اور لوکل ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ احتجاج کے دوران بی آر ٹی کی 11 بسوں کو نقصان پہنچا تھا۔
علاوہ ازیں پشاور میں ریڈیو پاکستان پر حملہ کرنے والے 20 افراد کی شناخت کر لی گئی۔ سی سی پی او کے مطابق حملہ کرنے والے 20 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں دہشت گردی، پولیس پر پتھراؤ، جلاؤ گھیراؤ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

