کراچی میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے مدرسے کے طلبہ کی پکنک سانحے کی شکل اختیار کر گئی اور منوڑہ کے ساحل پر ایک مدرسے کے 4 طلبہ ڈوب گئے جن میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ماڑی پور پولیس کے ایس ایچ او غلام حسین کورائی نے بتایا کہ کورنگی میں واقع مدرسے میں پڑھنے والے چار دوست منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مدرسے سے نکل گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ منوڑہ کے ساحل پر بے رحم موجیں نوجوانوں کو بہا لے گئیں اور وہ ڈوب گئے، انہیں صبح 8 بجے کے قریب ایک شہری سے اطلاع ملی کہ اس نے چار لڑکوں کو ڈوبتے ہوئے دیکھا جو اچانک سمندر میں غائب ہو گئے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ یہ طلبہ مبینہ طور پر سمندر میں منوڑہ پارک کے قریب کھڑے تھے جہاں عام طور پر پاکستان نیوی کے لائف گارڈز بھی کھڑے ہوتے ہیں لیکن چونکہ یہ علی الصبح کا وقت تھا تو شاید کسی نے ان پر توجہ نہیں دی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے لائف گارڈز کے ہمراہ ریسکیو ٹیم میں شامل افسر نے بتایا کہ وہ عام طور پر انتظامیہ کو جون اور جولائی کے مہینوں میں سمندر میں تیراکی کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کی سفارش کرتے ہیں کیونکہ مون سون کے موسم کی وجہ سے بارشوں کے بعد تیز لہریں آتی ہیں۔

