کراچی: مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے تحت اپریل کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گرمی کی حالیہ لہر میں جمعرات سے کمی متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق منگل کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،نمی کا تناسب 42 فیصد تک بڑھنے کے سبب دوپہر کے وقت حدت رہی۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ 27 اپریل کوایک نیا طاقتورمغربی سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں 28 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی تیزبارشیں متوقع ہیں، مغربی سسٹم کے اثرات ملک کے دیگرشہروں میں بھی معتدل اورتیزبارشوں کا باعث بنیں گے۔
سردارسرفرازکے مطابق کراچی میں جاری حالیہ گرمی کی جذوی لہر بدھ تک برقراررہ سکتی ہے، جمعرات سے بلوچستان کی شمال مغربی ہواؤں کے اثرات زائل ہونے کے بعد موسم بتدریج بہترہونے اورگرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
غیرسرکاری موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتوراورطویل مغربی سسٹم کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پربادل بن سکتے ہیں، مذکورہ سسٹم 7 مئی تک اثراندازرہ سکتا ہے۔
جواد میمن کے مطابق ایران کے قریب بحیرہ عرب میں ایک سرکولیشن بھی بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے سندھ اوربلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اچھی بارش کا امکان ہے، سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں موسلا دھار اورکہیں تیزبارش کے علاوہ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جبکہ تھنڈراسٹروم بننے کی صورت میں آندھی اوربجلی گرنے کا خدشہ بھی رہے گا۔

