گھر میں سلنڈر پھٹنے سے زخمی پولیس انسپکٹر نازیہ کوثر دم توڑ گئیں

دینہ: گھر کے اندر سلنڈر پھٹنے سے جھلس جانے والی پولیس انسپیکٹر 8 روز علاج کے بعد دم توڑ گئیں۔

ایس ایچ او پولیس کمپلینٹ ہراسمنٹ سیل انسپیکٹر نازیہ کوثر 8 روز قبل گھر کے کچن میں بچے کے لیے دودھ گرم کرتے ہوئے سلنڈر پھٹنے کے سبب بری طرح جھلس گئی تھیں جس کے بعد سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں آج انہوں نے دوران علاج دم توڑ دیا۔

انسپکٹر نازیہ کوثر کھاریاں ہسپتال میں زیر علاج تھیں، ان کی میت آبائی گھرکوٹیام پہنچا دی گئی۔ انہوں نے سوگواروں میں خاوند، ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا ہے کہ انسپکٹر نازیہ کوثر نے 21 سال 6 ماہ تک جہلم پولیس میں اپنی خدمات سرانجام دیں، انسپکٹر نازیہ کوثر ایک فرض شناس آفیسر تھیں، محکمہ کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔