دنیاپور؛ بے قابو آئل ٹینکر جھونپڑیوں پر چڑھ گیا، 7 افراد جاں بحق

دنیاپور: کہروڑ پکا چوک میں بے قابو آئل ٹینکر فقیروں کی جھونپڑیوں پر چڑھ گیا، جس کی زد میں آکر 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 خواتین، 2 بچیوں اور 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 2 خواتین سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ امدادی رضاکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں دنیاپور پہنچے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ آئل ٹینکر نے کہروڑپکا چوک میں ڈیوٹی پر موجود پولیس کی گاڑی کو بھی سائیڈ ماری تھی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ آئل ٹینکر کے ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔حادثے کی زدمیں آنے والے جھونپڑی مالکان کا تعلق مترو سے بتایا جاتا ہے۔ جھونپڑی مالک لدھا نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا، تاہم پولیس نے حادثے میں 7 افراد کی ہلاکت پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ ڈرائیور کے خلاف تیزرفتاری اورغفلت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لودھراں کے قریب کہروڑ پکا چوک پرآئل ٹینکر کے بے قابو ہوکر جھگیوں میں جا گھسنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور غفلت کے ذمے دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔