وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثے میں جاں بحق

اسلام آباد: جمیعت علما اسلام سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔ جہاں ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی دو قلا بازیاں کھاتی ہوئی فٹ پاتھ سے ٹکرائی۔

مولانا عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ دوسری جانب پولی کلینک کے ترجمان نے کہا ہے کہ مفتی عبدالشکور کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔

وفاقی وزیر کے ساتھ گاڑی میں ڈرائیور اور محافظ بھی ساتھ تھے جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جس گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری اُس میں سوار پانچ میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے وقت مفتی عبدالشکور ڈرائیور کے برابر والی سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے۔

اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں جبکہ گاڑی اور سوار افراد کو پولیس حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور جمعیت علما اسلام کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔