PTI Flag

اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی بھکر پولیس کو حوالگی روک دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور کی بھکر پولیس کو حوالگی روک دی۔

ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی دوسرے صوبوں کی پولیس کو حوالگی روکنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پانچ مقدمات ہوں یا پچاس ، بھکر کی پولیس یہاں آکر کیوں تفتیش نہیں کر سکتی، یہ کوئی قدغن نہیں کہ دوسرے صوبے کی پولیس یہاں زیر حراست ہونے کے دوران تفتیش نہیں کر سکتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی بھکر پولیس کو حوالگی روکتے ہوئے سیشن جج کا پہلے درخواست خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ سیشن کورٹ علی امین گنڈا پور کو سن کر فیصلہ کرے ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی درخواست زیر التوا تصور ہو گی ، سیشن جج اگر علی امین گنڈا پور کی درخواست خارج کرتے ہیں تب بھی بھکر پولیس کو حوالگی نہیں ہو گی ، سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف دوبارہ ہائی کورٹ سنے گی۔