فخر زمان کی سنچری

فخر زمان کی سنچری نے پاکستان کو ٹرائی سیریز کا چیمپئن بنا دیا، محسن نقوی خوشی سے نہال

لاہور: ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

تین ملکی ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، سعد بیگ نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز بنائے۔

فخر زمان اور سعد بیگ کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز بنے، جس نے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔

عرفات منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابر اعظم اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے 17 اور معاذ صداقت نے 5 رنز بنائے۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے کامینڈو مینڈس 131 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ پاون رتھنایاکے نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سہ ملکی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویلڈن گرین شرٹس ، ویلڈن فخر زمان، فائنل میچ میں پاکستانی پلئیرز نے سری لنکا کو آوٹ کلاس کرکے جیت اپنے نام کی۔

محسن نقوی  کا کہناتھا کہ فخر زمان،عرفات منہاس اور سعد بیگ کی جارحانہ بیٹنگ نے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا،  کرکٹرز نے  بہترین ٹیم ورک اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کھلاڑیوں نے ثابت کیا جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ کھیلنے سے کامیابی ملتی ہے، ٹیم نے بہترین نظم و ضبط اور کمال مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔