ترکی :بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 11افراد جاں بحق، 27زخمی

ترکی کے مغربی صوبے مانیسا میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کے دوران دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ترکی کے مغربی علاقے میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاںبحق اور 27 زخمی ہو گئے۔حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حادثہ ترکی کے صوبے مانیسا میں ایک شاہراہ کے داخلی مقام کے قریب پیش آیا۔ یہ شاہراہ سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی شہر ازمیر کے درمیان واقع ہے۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں مسافر بس سڑک کے کنارے حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھی ہوئی دکھائی دیتی ہے، جس سے تصادم کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم، ان کی جسمانی حالت اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں حکام نے تاحال مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔