پروفیسر وسیم قاضی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر تعینات

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کو 4 سال کے لیے جامعہ کراچی کا وائس چانسلر تعینات کردیا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی بطور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے 2 اکتوبر کو جن امیدواروں سے انٹرویو لیے ان میں ڈاکٹر وسیم قاضی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر معظم علی خان اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے موجودہ رجسٹرار ڈاکٹر شفیق الرحمن شامل تھے۔

واضح رہے کہ وائس چانسلر کی تقرری کے لیے قائم کردہ سرچ کمیٹی نے امیدواروں کو نمبرز دیے تھے اور تین امیدواروں کے نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے تھے۔

یاد رہے کہ جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی پہلی باقاعدہ چار سالہ مدت 28 جولائی 2026 کو پوری ہوگئی تھی جس کے بعد این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کو وی سی جامعہ کراچی کا اضافی چارج دیا گیا تھا، ڈاکٹر طفیل احمد اس وقت 20 روزہ بیرون ملک دورے پر گئے ہوئے ہیں۔