چین میں ایک ایسے سپر کوٹنگ پینٹ کی پروڈکشن شروع کی گئی ہے جو موسم گرما کے دوران گھر کے اندرونی درجہ حرارت کو 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کر دیتا ہے۔
اس منفرد پینٹ کو صوبہ ہینان کے ایک کارخانے میں حقیقی استعمال کے دوران 6 ماہ تک آزمایا گیا۔
یہ پینٹ ریڈی ایٹیو کولنگ تکنیک کو استعمال کرتا ہے جس کے لیے بجلی یا کسی قسم کے کولنگ ایجنٹس کی ضرورت نہیں ہوتی۔
بنیادی طور پر ریڈی ایٹیو کولنگ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس میں حرارت کو منعکس یا خارج کرکے اشیاء کو ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس پینٹ کوٹنگ کو پبلک انفرا اسٹرکچر اور گھروں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جس کارخانے میں اس پینٹ کی آزمائش کی گئی، وہاں عام طور پر اندرونی درجہ حرارت کم رکھنے کے لیے واٹر اسپرنکلر سسٹمز کا استعمال کیا جاتا تھا، مگر پینٹ کوٹنگ سے ایسا کسی قسم کی توانائی کے استمال کے بغیر ممکن ہوگیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شدید ہیٹ ویوز کے دوران بھی یہ پینٹ اندرونی درجہ حرارت کو محفوظ سطح پر برقرار رکھتا ہے۔
