پاکستان کو ایل این جی (LNG) کی خریداری کے لیے جاری کیے گئے تازہ ٹینڈر پر کسی بھی عالمی کمپنی کی جانب سے کوئی بولی موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث حکومت کی ستمبر میں تیسری کوشش بھی ناکام ہو گئی۔
ذرائع پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) کے مطابق حکومت نے 12 سے 16 ستمبر کے دوران ڈیلیوری کے لیے ایک ایل این جی کارگو کی خریداری کی غرض سے عالمی کمپنیوں سے بولیاں طلب کی تھیں، جن کی آخری تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت تک کوئی بولی جمع نہیں کرائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی حکومت ستمبر کے دوران دو مرتبہ ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے بولیاں طلب کر چکی ہے، لیکن دونوں مواقع پر موصول ہونے والی مہنگی بولیوں کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور محدود سپلائی کے باعث پاکستان کو مطلوبہ نرخوں پر کارگو حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
