جاپان اور چین میں 600 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والی مقناطیسی ٹرین کی دوڑ، سفری دنیا میں انقلاب

جاپان اور چین دنیا کی تیز ترین مقناطیسی (Maglev) ٹرین تیار کرنے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں، جہاں دونوں ممالک تقریباً 600 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے سفر کرنے والی جدید ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کا سرکاری ٹرین ساز ادارہ 600 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والی مقناطیسی ٹرین تیار کر رہا ہے، جبکہ جاپان اپنے مرکزی شِنکانسن (Chuo Shinkansen) منصوبے پر تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔ آزمائشی مرحلے میں جاپان کی مقناطیسی ٹرین 603 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جاپان کی سپر کنڈکٹنگ مقناطیسی ٹیکنالوجی ٹرین کو پٹری سے اوپر اٹھا کر چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے سفر نہ صرف انتہائی تیز بلکہ محفوظ اور آرام دہ بھی ہو جاتا ہے۔

جاپان کا مرکزی شِنکانسن منصوبہ ٹوکیو اور ناگویا کے درمیان تقریباً 286 کلومیٹر کا سفر موجودہ دو گھنٹے کے بجائے صرف 40 منٹ میں مکمل کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

دوسری جانب چین کی زیرِ تعمیر مقناطیسی ٹرین سے بیجنگ اور شنگھائی کے درمیان مجموعی سفری وقت تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے تک محدود ہونے کی توقع ہے۔ تاہم یہ منصوبہ ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور عوامی استعمال کے لیے اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔