وزیراعظم کا کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کے 3سالہ آڈٹ کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کے تین سالہ آڈٹ کا حکم دے دیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کا 3 سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی بے ضابطگی اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔اجلاس کو کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (We-BOC) سسٹم سے منسلک ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کروائی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کروائی جائے گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاسز میں بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔