اے آئی گاڈ فادرکی تشویشناک پیشگوئی

لندن:کمپیوٹر سائنسدان جیفری ہنٹن کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی)کا گاڈ فادر قراردیا جاتا ہے۔انہوں نے2024 ء میں اے آئی ٹیکنالوجی پر کیے جانے والے کام پر فزکس کا نوبیل انعام جیتا تھا۔

کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے جیفری ہنٹن نے انتباہ کیا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی جتنی زیادہ اسمارٹ ہوگی، انسانیت کے لیے اسے کنٹرول کرنا اتنا زیادہ مشکل ہوتاجائے گا۔انہوں نے اے آئی ایجنٹس کی جانب سے حالیہ دنوں میں حقیقی دنیا کی کمپنیوں کی ہیکنگ پر بھی خدشات کا اظہار کیا۔

اے آئی ٹیکنالوجی پر ہونے والی ایک کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیفری ہنٹن نے کہا کہ ایسا اس وقت ہوا جب یہ سسٹم زیادہ اسمارٹ ہو رہے ہیں، میرے خیال میں جیسے جیسے وہ مزید اسمارٹ ہوں گے، ویسے ویسے ہم ایسے مزید پیچیدہ واقعات کو دیکھیں گے اور ان کی کنٹرول سے باہر نکلنے کی صلاحیت اتنی زیادہ بہتر ہوگی۔

جیفری ہنٹن نے کہا کہ مسئہ یہ ہے کہ ہم لوگ ایسے بہت زیادہ اسمارٹ اے آئی ماڈلز پر انحصار یا اعتبار نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ ہم سادہ طریقے سے انہیں کنٹرول کرسکتے ہیں یا سوچ سکتے ہیں کہ وہ کنٹرول سے باہر نہیں نکلیں گے۔

جیفری ہنٹن نے ان واقعات کو کسی حد تک خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو بس اے آئی ہیکنگ کا آغاز ہے۔جب ان سے پوچھا گیاکہ ان کے خیال میں اگلے 10 یا 20 سال بعد زندگی کیسی ہوگی تو ان کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ہمارے سیاسی نظام اس ٹیکنالوجی کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔