دبئی :متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے نئے ایڈیشن کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ایک بار پھر دنیا بھر سے بہترین اور خوش الحان قرا اور حفاظِ قرآن کا انتخاب کیا جائے گا۔
اس ایوارڈ کے تحت ایک بار پھر دنیا بھر سے بہترین اور خوبصورت آواز میں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے قرا اور حفاظ کا انتخاب کیا جائے گا۔
عرب میڈیا ذرئع کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کا نیا ایڈیشن شروع کیا جا رہا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اس ایوارڈ کا مقصد دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آوازوں کو تلاش کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ماہِ رمضان المبارک کے دوران انہیں اعزازات سے نوازنا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قرآن مجید روشنی، ہدایت اور رحمت کا سرچشمہ ہے، جبکہ دبئی گزشتہ 29 برسوں سے حفاظِ قرآن اور ممتاز قرا کی عزت افزائی کی روایت کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس عالمی مقابلے کے کامیاب شرکا اور نمایاں شخصیات کو ہر سال ماہِ رمضان المبارک کے دوران خصوصی تقریب میں اعزازات سے نوازا جاتا ہے، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے قرا اور دینی شخصیات شرکت کرتی ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ گزشتہ 29 برسوں سے قرآن کریم کی تعلیمات، حسنِ تلاوت اور حفظِ قرآن مجید کے فروغ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں نمایاں قراء اور حفاظ کو خصوصی تقریب میں اعزازات سے بھی نواز کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

