راولپنڈی:شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں72گھنٹوں کے دوران48خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران گزشتہ72گھنٹوں میں شدید جھڑپوں کے بعد بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے فتنة الخوارج کے مزید21دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیاجن میں4اہم کمانڈر(خارجی خالد رضا عرف سالار ،خارجی مفتون خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف ایان)بھی شامل ہیں۔
فورسز کے اس آپریشن سے علاقے میں فعال خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے۔ہلاک ہونے والے یہ خارجی کمانڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق انتہائی مہارت اور درستگی سے کیے گئے آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج مارے جاچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والے بھارت نواز دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں چھپے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنة الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیانات میں انہوں نے فتنة الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنة الخوارج کے سرغنوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔خوارج کے ناپاک عزائم ناکام بنانے والے سیکورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

