ایران کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کی دوبارہ تصدیق کی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ انھوں نے یہ بھی نشان دہی کی ہے کہ تہران کے ساتھ معاہدہ اپنے حتمی مراحل میں ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے اندر ایران کے ساتھ معاہدے کے بارے میں میرے پاس ایک خیال موجود ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر نے اپنی تعبیر کے مطابق ایران کے ساتھ ایک “شان دار” سمجھوتے تک پہنچنے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایرانی معیشت مشکلات کا شکار ہے اور انھیں معاہدے تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی محاصرے کو عسکری آپشن سے بہتر قرار دیا۔ انہوں نے تہران کے ساتھ پچھلے جوہری معاہدے کو ایک مکمل ناکامی قرار دیا۔
مزید برآں امریکی صدر نے واضح کیا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا اور مؤخر الذکر نے جواب دیا اور معاملہ ختم ہو گیا۔