نئی دہلی کے ہوٹل میں آتشزدگی، 21 افراد ہلاک

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں ایک ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ آگ لگنے کے بعد عمارت میں پھنسے افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور جان بچانے کی کوشش میں دو خواتین عمارت سے کودتی ہوئی بھی دیکھی گئیں۔

بھارتی حکام کے مطابق بدھ کی صبح جنوبی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں واقع ”فلورش اسٹے بی اینڈ بی“ نامی ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دہلی فائر سروس کو صبح تقریباً 9 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں، واٹر ٹینکرز، واٹر باؤزرز اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے عمارت میں موجود افراد نے شدید خوف و ہراس میں باہر نکلنے کی کوشش کی۔ سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں دو خواتین کو جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

ریسکیو حکام نے عمارت میں پھنسے 40 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ متعدد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طور پر تہہ خانے سے تین افراد کو زندہ نکالا گیا تھا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا اور بعد ازاں حکام نے 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔