جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تعلیم و تحقیق کے میدان میں اہم پیش رفت

کراچی: سندھ اسمبلی نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ذیلی ادارتے ایڈم انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی، جو دینی و سماجی علوم کے فروغ میں ایک نئی مثال قائم کرے گا۔
ایڈم انسٹی ٹیوٹ معاشرتی فلاح، قیادت سازی اور نظم و نسق کے جدید علوم پر مبنی تعلیمی ادارہ ہوگا، جس کا مقصد طلبہ کو عملی اور علمی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ یہ اقدام جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ کی بین الاقوامی سطح پر تربیت اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کرے گا۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ پاکستان کا واحد دینی ادارہ ہے جہاں 76 ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں  اور ایڈم انسٹی ٹیوٹ کا قیام اس عالمی پہچان کو مزید مستحکم کرے گا۔
صوبائی اسمبلی نے ایڈم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی منظوری دے کر اس دیرینہ خواہش کو حقیقت کا روپ دیا جو مرحوم مفتی محمد نعیمؒ کی علمی اور تعلیمی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایڈم انسٹی ٹیوٹ مستقبل میں معاشرتی خدمات اور قائدانہ تربیت کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا جبکہ دینی و دنیاوی علوم کو یکجا کرنے کے اس منفرد ماڈل سے پاکستان میں جدید تعلیمی رجحانات کی نئی راہ ہموار ہوگی۔