لاہور:ریلوے نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مزید 11 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے اوپن نیلامی 3دسمبر کو ریلویز ہیڈ کوارٹر میں ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے والوں نے آؤٹ سورسنگ کے قوانین کے تحت اپنی دستاویزات ریلویز انتظامیہ کو جمع کرا دی ہیں جن کی جانچ پڑتال کا کام جاری ہے۔
نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد3 دسمبر کو اوپن بولی کی جائے گی جو کمپنی سب سے زیادہ بولی دے گی ٹرین کی سروسز اس کو مل جائے گی۔
جن ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی ان میں ہزارہ ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس، راوی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، فیض احمد فیض پسنجر، موہنجودوڑو پسنجر ٹرین شامل ہیں۔
قبل ازیں ریلوے انتظامیہ 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرچکی ہے جن میں شالیمار پاک بزنس سمیت دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔

