سربراہ کویتی وفد کا بریف کیس چرانے والا 20 گریڈ کا افسر گرفتار

اسلام آباد: اقتصادی امور ڈویژن میں ملاقات کے لیے آئے کویتی وفد کے سربراہ کا بریف کیس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، چوری میں ملوث جوائنٹ سیکریٹری ای اے ڈی ضرار حیدر کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا جس کے بعد حکام نے کویتی وفد سے معذرت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام اقتصادی امور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں شریک کویتی وفد کے سربراہ نے اجلاس ختم ہونے کے بعد اپنا بریف کیس چوری ہونے کا انکشاف کیا۔ جس پر اجلاس کے شرکاء پریشان ہوگئے اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن غضنفر جیلانی نے موقع پر ہی تحقیقات کی ہدایت دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بریف کیس چرانے والے ای اے ڈی کے افسرکی نشاندہی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بریف کیس چرانے والے افسر کی شناخت جوائنٹ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن ضرار حیدر کے طور پر ہوئی جس پر سیکریٹری ای اے ڈی غضنفر جیلانی نے سخت ایکشن لیا اور کویتی وفد کے سربراہ کا بریف کیس چرانے والے جوائنٹ سیکریٹری ضرار حیدر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب حکومت نے کویتی وفد سے معذرت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ادھر واقعے کے ذمہ دار افسر ضرار حیدر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اچھی شہرت کے حامل نہیں تھے اور اسی وجہ سے وہ کئی بار سپرسیڈ ہوچکے ہیں ان کے بیج میٹ ترقیاں پاچکے ہیں اور یہ گریڈ 20 میں جوائنٹ سیکریٹری ہی تعینات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر کے خلاف محکمانہ اور تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی۔