وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں نیلام کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں اور 4 ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق کے مطابق کیبنٹ ڈویژن کے پاس موجود 4 ہیلی کاپٹرز کسی کے زیراستعمال نہیں اس لیے اضافی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد چاروں ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں بھی فروخت کی جائیں گی جو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے رکھی تھیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت وزیراعظم ہاؤس کے زیراستعمال اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں 17ستمبر کی صبح 10 بجے گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی جس سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔