بھارتی فوج کی دہشت گردی، مزید دو کشمیری شہید کردیے

سری نگر: بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد (اننت ناگ) کے علاقے منورد میں سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہدا کی شناخت الطاف کشرو اور عمر رشید کے نام سے ہوئی۔ قابض فوج نے اسی علاقے میں ایک گھر کو بھی بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع میں عوام کو ایک دوسرے سے رابطے سے روکنے کےلیے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کردی جبکہ ٹرینیں بھی روک دی گئیں تاکہ بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج نہ کیا جاسکے۔ تمام تر پابندیوں اور قدغنوں کے باوجود کشمیری عوام بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ قابض افواج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔