ارض مقدس سے حجاج کرام کی واپسی آج سے شروع ہوگی

کراچی: پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن آج سے شروع ہورہا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بعد از حج پروازیں پیر 27 اگست سے شروع ہو رہا ہے، پہلی حج پروازیں PK 3006 کراچی اور PK 3002 اسلام آباد پہنچیں گی، جن کے ذریعے 700 سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے۔

لاہور کے لیے پہلی حج پروازمنگل کی صبح 7 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے گی، کراچی کے لیے پہلی حج پروازPK3006 کو پی آئی اے کے چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر خان آپریٹ کریں گے جو کہ بعد از حج آپریشن کی نگرانی کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں، پی آئی اے بعد از حج آپریشن کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ سے 225 خصوصی اور شیڈول پروازیں چلائے گی۔

پی آئی اے کے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے پی آئی اے حج ٹیم کے ارکان کو بعد از حج آپریشن کے دوران وطن واپس آنے والے حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں،پی آئی اے 68 ہزار سے زائد حجاج کرام کو اسلام آباد، لاہور،کراچی،پشاور،سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد پہنچائے گی،بعد از حج آپریشن کا اختتام25 دسمبر کو ہوگا۔