پی ٹی آئی کے محمود خان وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ منتخب

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ منتخب ہوگئے۔ پی ٹی آئی امیدوار محمود خان نے 77 ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کئے۔ سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی نے وزیراعلیٰ کے نتائج کا اعلان کیا۔

خیال رہے 46 سالہ محمود خان کا تعلق سوات کے علاقے مٹہ سے ہیں اور وہ پہلی مرتبہ 2013 میں سوات سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے اور بعد میں صوبائی کابینہ میں وزیر کھیل و ثقافت اور آبپاشی کے عہدے پر فائض رہے۔

حالیہ انتخابات میں سوات کے حلقہ پی کے نو سے صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔ نرم لہجے کے حامل پی ٹی آئی رہنما 2013 کے الیکشن سے پہلے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ کچھ عرصے کے لیے پیپلزپارٹی کا حصہ بھی رہے اور اس دوران وہ مٹہ کے علاقے سے یونین کونسل کے ناظم بھی منتخب ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق محمود خان نے اپنی ابتدائی تعلیم سوات اور پشاور کے تعلیمی اداروں سے حاصل کی اور بعد میں زرعی یونیورسٹی پشاور سے ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔