پی آئی اے میں مفت ٹکٹوں کی لوٹ سیل

لاہور: اربوں روپے کےخسارے کاشکار پی آئی اے میں مفت ٹکٹوں کی لوٹ سیل جاری ہے۔ کراچی سے اسلام آباد کیلئے فنکاروں کو 100 ریٹرن ٹکٹ مفت تقسیم کیے جانے لگے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق سابق وفاقی وزیر مہتاب عباسی کی ہدایت پر پی ٹی وی ایوارڈ شو کی تقریب کیلئے مفت ٹکٹس جاری کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کی جانب سے پی ٹی وی کو کراچی سے اسلام آباد کے لیے 96 دو طرفہ (آنے جانے) کے ایف او سی ٹکٹ جاری کیے گئے، تین ماہ سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود مذکورہ ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہ ہو سکے۔

پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی حکام پی آئی اے حکام کو جواب دینے کو بھی تیار نہیں، شو بز ستاروں کو مفت ٹکٹ دینے کی ہدایات مبینہ طور پر سابق وزیر نے دیں۔ ٹکٹ جاری کرنے والے محکمہ فنانس کے مینیجر نے ہیڈ آفس کے متعلقہ حکام سے مدد طلب کرتے ہوئے وزارتِ اطلاعات کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے خط لکھنے کی درخواست کردی۔