عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرا دیا۔ عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے کے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔

عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

علاوہ ازیں عمران خان کے خلاف ووٹ کا تقدس پامال کرنے کے معاملے کی بھی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست کی کہ عمران خان کا این اے 53 اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے جواب میں ووٹ کا تقدس پامال کرنے سے متعلق کچھ نہیں لکھا۔